پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف 14 رنز کی سنسنی خیز کامیابی

ناٹنگھم ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں جوزبٹلر اور جو روٹ کی سنچریوں کے باوجود انگلینڈ کو 14رنز سے شکست دے دی۔ ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی دعوت پر پاکستان نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن 82 کے مجموعی اسکور پر اسپنر معین علی نے 36 رنز بنانے والے فخر زمان کو اسٹمپ آؤٹ کردیا۔ بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم کی سنچری مکمل کروائی تاہم 111 رنز پر 44 رنز بنانے والے امام الحق بھی معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 88 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی اور 199 کے اسکور پر بڑا شاٹ کھلیتے ہوئے بابر اعظم 63 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد حفیظ اور کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 80 رنزکی شراکت قائم کی۔ حفیظ 62 گیندوں پر 84رنز بنائے۔ سرفراز نے 44 گیندوں پر55 رنز کی اننگز کھیلی اورکرس ووکس کی گیند پر انہی کو کیچ دے کر آوٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں حسن علی نے چند جارحانہ شاٹس کھیل پاکستان کو 348رنز تک رسائی دلائی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 348رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس ووکس نے فی کس تین جبکہ مارک ووڈ نے دو وکٹیں لیں۔ انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تیسرے ہی اوور میں جیسن روئے سوئپ کھیلنے کی کوشش میں شاداب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جبکہ ریویو بھی ضائع کردیا۔ 118 رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد روٹ اور بٹلر 130رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے روٹ نے 107رنز بنائے۔بٹلر نے 2 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 103رنز بنائے۔ انگلینڈ 9وکٹوں کے نقصان پر 334رنز بنا سکی۔