پاکستان میں کرسمس کے موقع پر دہشت گردانہ کارروائی کا منصوبہ ناکام

لاہور ۔26 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی حکام نے چہارشنبہ کو یہ توثیق کی کہ صوبہ پنجاب میں کرسمس تقاریب کے دوران دہشت گرد حملہ کو ناکام کردیا گیا جسکے بعد القاعدہ کے چار دہشت گردوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ۔ دریں اثناء کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (CTD) نے بتایا کہ اُسے ایک خفیہ اطلاع ملی تھی کہ القاعدہ کے چار دہشت گرد فرانس آباد ، شیخوپورہ روڈ اور گجرانوالہ میں موجود ہیں جو 25 ڈسمبر کو ایک کرسمس تقریب کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہے تھے جس کے فوری بعد سی ٹی ڈی کی ٹیم نے پولیس کے ساتھ اُن کے خفیہ ٹھکانوں پر دھاوا کیا اور چاروں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیاجن کے نام محمد تعاسن ، محمد جنید ، منیر احمد اور تاج محمد شاہ بتائے گئے ہیں۔ اُن سے پوچھ گچھ کرنے پر انھوں نے القاعدہ کے دیگر تخریبی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات بتائی جو وہ پاکستان میں انجام دینے والے تھے ۔ پولیس اُن کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لئے دھاوے کررہی ہے ۔