پاکستانی ہائی کمشنر کی اسلام آباد طلبی

معتمدین خارجہ کی سطح پر بات چیت کیلئے مشاورت
اسلام آباد۔/31مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہند عبدالباسط کو دونوں ملکوں کے مابین معتمدین خارجہ کی سطح پر بات چیت کی تاریخ کو قطعیت دینے مشاورت کی غرض سے اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان تسنیم اسلم نے توثیق کی کہ عبدالباسط کو معمول کی مشاورت کیلئے اسلام آباد طلب کیا گیا ہے۔ روزنامہ ’ ڈان‘ نے اپنے ویب سائٹ پر خبر دی تھی کہ انھیں دونوں ملکوں کے مابین معتمدین خارجہ کی سطح پر ہونے والی بات چیت کی تاریخ اور ایجنڈہ میں شامل کئے جانے والے موضوعات پر مشاورت کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کی نئی دہلی میں پیر کو ہوئی رسمی ملاقات میں دونوں ملکوں نے معتمدین خارجہ کی سطح پر مذاکرات کا فیصلہ کیا تھا۔

ان دونوں ملکوں کے درمیان2011ء میں آخری مرحلہ کی بات چیت نئی دہلی میں منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان کی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور ان کے ہندوستانی ہم منصب ایس ایم کرشنا نے حصہ لیا تھا۔ آئندہ مذاکرات میں موضوع بننے والے مسائل پر مناسب مشاورت کی غرض سے عبدالباسط نے معتمد خارجہ اعزاز احمد چودھری، وزیر اعظم کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز اور وزیر اعظم کے خصوصی مددگار برائے اُمور خارجہ طارق فاطمی سے بھی ملاقات کی۔ عبدالباسط نئی دہلی کو واپسی کے بعد ہندوستانی معتمد خارجہ سجاتا سنگھ سے ملاقات کریں گے اور مذاکرات کیلئے اسلام آباد کی طرف سے مقررہ تاریخ کے علاوہ بات چیت میں موضوع بنائے جانے والے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ باور کیا جاتا ہے کہ دونوں معتمدین خارجہ سپٹمبر کے دوران اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی امکانی ملاقات سے قبل بات چیت کریں گے۔