پاکستانی صحافی پر حملہ

اسلام آباد ۔ 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ایک صحافی احمد نورانی چند نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق احمد نورانی جمعہ کو کسی خبر کے سلسلے میں راولپنڈی گئے تھے کہ واپسی پر اسلام آباد کے علاقے زیرو پوائنٹ کے قریب تین موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے زبردستی ان کی گاڑی کو روکا اور پھر اْنھیں گاڑی سے نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا۔عینی شاہدین کے مطابق جس وقت نامعلوم مسلح افراد احمد نورانی کو تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے اس وقت اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی ایک قابل ذکر تعداد قریب میں ہی موجود تھی تاہم ان میں سے کسی نے بھی مداخلت نہیں کی اور ملزمان مقامی صحافی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسے زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔احمد نوارنی کو طبی امداد کے لیے ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔

افغانستان کا سیاسی حل ضروری :آصف
اسلام آباد،27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان میں 16برس تک فوج کی تعیناتی کے باوجود امریکہ ناکام رہا ہے اس لئے اب وہاں کے لئے فوری طورپر سیاسی حل ضروری ہے ۔پاکستانی اخبار ‘دی نیشنس’ نے آج اپنی رپورٹ میں کہاکہ مسٹر آصف نے کل قومی اسمبلی میں بیرونی امور پر یہ اطلاع دی ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان خود کے احترام اور ساکھ کی بنیاد اپر امریکہ کے ساتھ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے ۔ ملک اپنی خودمختاری اور وقار کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے امریکہ سے واضح طورپر کہا ہے کہ وہ افغان جنگ میں بلی کا بکرا نہیں بنے گا اور امریکہ کو یہ پتہ ہے کہ افغانستان میں ہوئی شکست کے لئے پاکستان ذمہ دار نہیں ہے ۔