پانڈیا ایشیاکپ میں پاکستان کیلئے اصل خطرہ:جانسن

نئی دہلی ۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )ایشیا کپ میں ہندوستان کیخلاف اہم مقابلے سے قبل سابق فاسٹ بولرمیچل جانسن کو پاکستان کی فکر ستانے لگی ہے۔ جانس نے کہا ہے کہ آل راؤنڈرہاردک پانڈیا پاکستان کیخلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جبکہ فاسٹ بولر اومیش یادیو بھی بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ کرناٹک پریمیئر لیگ میں کمنٹری کیلئے ہندوستان میں موجود سابق آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل جانس کے بموجب پانڈیا نے انگلینڈ کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی پیش کی ہے جبکہ مقابلے سے بھرپور کرکٹ میں قدم رکھنے کے بعد ان کے کھیل میں نکھار آرہا ہے اور اسی وجہ سے انہیں ایشیا کپ نہیں بلکہ ورلڈ کپ کیلئے بھی مضبوط امیدوار کا درجہ مل چکا ہے۔ ایشیا کپ میں پانڈیا پاکستان کیخلاف اہم ترین کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے ٹرینٹ برج ٹسٹ میں پانچ وکٹیں لے کر حریف انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ایک ہی سیشن میں لپیٹ دیا تھا لہٰذا ان کی موجودگی ہندوستانی ٹیم کیلئے انتہائی کارآمد ثابت ہو گی۔ جانسن نے مزید کہا کہ پانڈیا نے انگلینڈ میں حالات کو عمدگی سے استعمال کیا اور توقع ہے کہ وہ اومیش یادیو کے ہمراہ یہی کردار ایشیا کپ میں بھی ادا کریں گے۔