پالیسی جائزہ سے قبل آر بی آئی گورنر کی جیٹلی سے ملاقات

مائیکرو معیشت پر تبادلہ خیال، اکٹوبر مالیاتی پالیسی بھی زیرغور
نئی دہلی 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آر بی آئی گورنر ارجیت پاٹل نے آج وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کی اور سمجھا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان مائیکرو معیشت مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اکٹوبر کی مالیاتی پالیسی سے قبل یہ ملاقات غیر معمولی سمجھی جارہی ہے۔ دونوں نے اس پالیسی کا بغور جائزہ لیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ شرح کٹوتی کے بڑھتے مطالبہ کے درمیان وزیر فینانس نے آر بی آئی گورنر کو بعض اُمور پر تجاویز پیش کی ہیں۔ 6 رکنی مالیاتی پالیسی کمیٹی کی قیادت ارجیت پاٹل کررہے ہیں اور یہ کمیٹی ممبئی میں 3 اور 4 اکٹوبر کو اپنا دو روزہ اجلاس منعقد کرے گی۔ جس سے چوتھے دو ماہ میں ایک مرتبہ مالیاتی پالیسی بیان برائے 2017-18 ء پر بھی غور و خوض کیا جائے گا۔ آر بی آئی گورنر عام طور پر مالیاتی پالیسی کا جائزہ لینے سے قبل مرکزی وزیر فینانس سے ملاقات کرتے ہیں۔جیٹلی سے ملاقات کے بعد گورنر آر بی آئی نے اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔ جی ڈی پی میں 3 ماہ کی سب سے زیادہ کمی 5.7 فیصد گرگئی ہے۔