پاریکر جی، پی ایم کو خوش کرنے کے لئے مجھ پر حملہ نہ کریں : راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے سابق وزیر دفاع اور گووا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر سے دو روز قبل ان کی خراب صحت کی وجہ سے ان سے ملاقات کی تھی لیکن اس کے بعد پاریکر نے ایک خط لکھ کر راہل گاندھی پر حملہ کر دیا۔ پاریکر کے اس خط کا جواب دیتے ہوئے راہل گاندھی نے پاریکر کو اس کا جواب تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے تحریر کیا ہے کہ انہوں نے اپنی تقاریر میں پاریکر سے ہوئی ذاتی ملاقات کا ذکر نہیں کیا ہے بلکہ صرف ان باتوں کا ذکر کیا ہے جن کا پہلے سے ہی میڈیا میں کئی مرتبہ ذکر ہوچکا ہے ۔

راہل گاندھی نے تحریر کیا ہے کہ ’’مجھے آپ کی طبعیت کو لے کر آپ سے ہمدردی ہے ۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ مجھ سے ملاقات کے بعد آپ پر کتنا دباؤ پڑ رہا ہوگا۔ اسی دباؤ کے چلتے آپ نے ایک عجیب سا قدم اٹھاکر وزیر اعظم اور ان کے پسندیدہ لوگوں کو خوش کرنے کے لئے اس طریقہ سے مجھ پر حملہ کیا ہے‘‘ ۔

راہل گاندھی نے تحریر کیا ہے کہ ’’ مجھے اس بات کا بہت زیادہ افسوس ہے کہ آپ نے جو خط مجھے لکھا ہے وہ مجھ تک پہنچنے سے پہلے اور میرے اس کو پڑھنے سے پہلے میڈیا میں لیک کر دیا گیا‘‘۔ انہوں نے مزید تحریر کیا ہے کہ ’’عام طور پرمیں اس قسم کے تنازعات سے دور رہتا ہوں لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آپ نے خط لیک کر دیا جس کی وجہ سے مجھے اپنا موقف رکھنے کے لئے مجبور ہونا پڑا تاکہ کوئی غیر ضروری تنازعہ آگے نہ بڑھے‘‘۔ راہل نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی وزیر اعلی سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی جس کا مقصد ان کی صحت کے بارے میں جاننا تھا۔ راہل گاندھی نے اپنے خط میں پاریکر کی اچھی صحت کے لئے دعا بھی کی اور ان سے انکی صحت کے تعلق سے آگے ملنے کے لئے بھی تحریر کیا ہے۔