پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا 23 فبروری کو آغاز

نئی دہلی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن 23 فبروری کو شروع ہوگا اور 8 مئی کو اختتام پذیر ہوگا، آج سرکاری طور پر یہ اعلان کیا گیا۔ ایک صحافتی بیان میں لوک سبھا نے کہا کہ سولہویں لوک سبھا کا چوتھا اجلاس دوشنبہ کو شروع ہوگا جب صدر جمہوریہ پرنب مکرجی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو مخاطب کریں گے جو صبح 11 بجے دن سنٹرل ہال میں یکجا ہوں گے۔ ایوان 20 مارچ کو ملتوی ہوکر 20 اپریل کو دوبارہ شروع ہوگا۔ راجیہ سبھا کے تعلق سے بتایا گیا کہ صدرجمہوریہ نے ایوان بالا کا اجلاس دوشنبہ 23 فبروری کو طلب کیا ہے۔ کابینی کمیٹی برائے پارلیمانی امور جس کا اجلاس 21 جنوری کو منعقد ہوا ، اس میں صدر جمہوریہ سے بجٹ سیشن کے شیڈول کے بارے میں سفارش کی گئی تھی۔ وزیرفینانس ارون جیٹلی 28 فبروری کو عام بجٹ پیش کریں گے۔ قبل ازیں ریلوے بجٹ 26 فبروری کو پیش ہوگا۔