پارلیمنٹ پر حملہ کی آسٹریلیائی وزیراعظم نے مذمت کی

ملبورن ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آسٹریلیائی وزیراعظم مالکم ٹرنبل نے آج برطانیہ کی پارلیمنٹ کے قریب ہوئے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس نوعیت کے حملے دراصل آزادی اور جمہوریت پر حملے کے مترادف ہیں ۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تہہ دل سے اس حملہ کی مذمت کرتے ہیں اور برطانیہ سے اظہار یگانگت کرتے  ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لڑائی میں ہم برطانیہ کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر حملہ کسی بھی ملک کی جمہوریت کا مضحکہ اڑانے کے مترادف ہے اور خصوصی طور پر ویسٹ منسٹر کو ’ تمام پارلیمنٹس کی ماں ‘ کہا جاتا ہے ۔ ہم مہلوک آفیسر کے ارکان خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمی ہونے والوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔۔

افغان آفیسر نے اپنے ہی نو ساتھیوں کو ہلاک کردیا
کابل ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : افغانی عہدیداروں کے ایک اہم بیان کے مطابق طالبان نے جنوبی صوبہ ہلمند کے ایک ڈسٹرکٹ پر قبضہ کرلیا ہے جب کہ شمالی علاقہ میں ایک افغان آفیسر نے اپنے ہی محو خواب ساتھیوں پر فائرنگ کر کے نو کو ہلاک کردیا ۔ سنگین ڈسٹرکٹ کو کسی زمانے میں افغانستان میں برطانوی اور امریکی افواج کا زبردست میدان جنگ تصور کیا جاتا تھا ۔ سنگین پولیس سربراہ محمد رسول نے بتایا کہ طالبان جنگجوؤں نے اس ڈسٹرکٹ پر جمعرات کی اولین ساعتوں میں قبضہ کرلیا جب کہ شمالی قندوز ڈسٹرکٹ میں پولیس ترجمان محفوظ اکبری نے بتایا کہ ایک سیکوریٹی پوسٹ پر بڑا ہی دلدوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک افغان آفیسر نے اپنے ہی ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا جو اس وقت گہری نیند میں تھے ۔ اب تک اس حملہ کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے ۔۔

ترکی میں حملہ، ایک نوجوان ہلاک
انقرہ، 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے جنوبی صوبے ھکاری میں کرد عسکریت پسندوں کے حملے میں فوج کے ایک جوان کی موت ہو گئی اور چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ترکی فوج نے آج ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ حملے میں فوج کے چار جوان زخمی ہو گئے جن میں سب کی حالت مستحکم ہے ۔واضح رہے کہ ترکی میں جولائی 2016 میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے کرد ورکر پارٹی (پی کے کے ) کے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔