پارلیمنٹ میں تعطل ختم کرنے کی کوشش ناکام

اسپیکر کی جانب سے کل جماعتی اجلاس، حکومت مذاکرات کیلئے تیار
نئی دہلی ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمانی تعطل کو ختم کرنے کیلئے لوک سبھا اسپیکر کی جانب سے آج منعقدہ کل جماعتی اجلاس ناکام رہا لیکن حکومت نے اشارہ دیا ہیکہ وہ ایک اور دور کے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ حکومت کا یہ موقف اس وقت سامنے آیا جب اپوزیشن نے اشارہ دیا کہ تعطل کو ختم کرنے کیلئے اسے پہل کرنی چاہئے۔ اپوزیشن کی تنقیدوں کا شکار وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے یہ اشارہ دیا کہ حکومت تعطل کو ختم کرنے کیلئے ایک اور کل جماعتی اجلاس منعقد کرنے تیار ہے۔ کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے نے حکومت پر اپوزیشن سے ربط قائم نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ ٹی ایم سی لیڈر سدیپ بندھوپادھیائے نے کہا کہ حکومت کا رویہ انتہائی غیرجمہوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی لب کشائی کیوں نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایسی توقع رکھنا غیرحقیقت پسندانہ ہوگی کہ کوئی بھی ایوان کے وسط تک نہ پہنچے ایسا بالکل نہیں ہوسکتا۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ ارکان کے غیرمعیاری طریقہ کار کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں پہلے کارڈس تھامے رکھنا یا ایوان کے وسط میں پہنچ جانا مناسب نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی پارٹیوں نے ان کی رائے سے اتفاق کیا ہے۔