ٹی وی مباحثوں میں شرکت سے علماء پرہیز کریں : تنظیم اصلاح معاشرہ

رامپور : ٹی وی چینلس پر مباحثوں میں علماء کرام پر بیہودگی او ربد تمیزی او رمارپیٹ کئے جانے پر اصلاح معاشرہ کے کنوینر حافظ محمد جمیل نے علماء کرام کو پروگرامس شرکت کرنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایک آفاقی او رہر دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ مذہب ہے ۔عبادات ، معاشرت ، معاملات ، انفرادی او راجتماعی ضرورتوں کوپورا کرنے میں مذہب اسلام کی کوئی نظیر نہیں ہے ۔

شریعت اسلامیہ کا ہر حکم شک وشبہ سے بالاتر ہے ۔ہر دور میں حالات کی کسوٹی پر یہ مذہب کھرا اترا ہے ۔موجودہ دور میں ٹی وی مباحثوں کا بے اصول دور چل رہا ہے ۔اسلام مخالف ذہن رکھنے والے چند افراد جمع ہوتے ہیں اورمسلم نمائندوں سے بے جوڑ سوالات کرتے ہیں ۔اور پھر جوابات پر اسلام اورمسلمانوں کا مذاق اڑاتے ہیں ۔یہ بھی حقیقت ہے کہ اسلام کی نمائندگی کرنے والے افراد کم علمی کی وجہ سے صحیح جواب دینے سے قاصر رہتے ہیں ۔

اس طرح ٹی وی مباحثوں سے اسلام اور مسلمانو ں کاشدیدنقصان پہنچتا ہے ۔اور بات ہاتھا پائی تک آجاتی ہے ۔اس واضح دلیل حا ل ہی میں ہوئے مولانا اعجاز ارشد قاسمی کا واقعہ ہے ۔

اس لئے ہم علماء کرام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان ٹی وی مباحثوں سے گریز کریں جن کا واحد مقصد اسلام اور مسلمانوں کی عزت کی اچھالنا ہوتا ہے ۔جس کو ہمارے سادہ لوح مسلم نمائندے سمجھ نہیں پاتے ۔