ٹی آر ایس کو عوام کی فلاح و بہبود سے دلچسپی: ہریش رائو

کوڑنگل میں روڈ شو، مہیندر ریڈی اور جتیندر ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔29 نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش رائو نے آج کوڑنگل میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ریاستی وزیر پی مہیندر ریڈی اور رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی کے ہمراہ کوڑنگل میں روڈ شو میں حصہ لیتے ہوئے ہریش رائو نے عوام سے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم اور مقامی قائدین بھی روڈ شو میں شامل تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں ٹی آر ایس کے حامیوں نے روڈ شو میں شرکت کی اور تائید کا یقین دلایا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار سال میں ٹی آر ایس حکومت نے جو فلاحی اقدامات کیے ہیں وہ کامیابی کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے حکومت کے خلاف الزام تراشی کے ذریعہ گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اقتدار کے لیے مفاد پرست اتحاد تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرجاکوٹمی تلنگانہ مخالفین پر مشتمل محاذ ہے جس کی مخالف تلنگانہ سرگرمیاں عوام سے چھپی ہوئی نہیں ہیں۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی مخالف تلنگانہ سرگرمیوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان کے بعض ایجنٹس ابھی بھی سرگرم ہیں۔ وہ کسی طرح تلنگانہ میں اپنا کنٹرول قائم کرتے ہوئے مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے پروپگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ ہریش رائو نے عوام کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔