ٹی آر ایس کی خاندانی حکمرانی کو ختم کرنے عظیم اتحاد کی تشکیل

کانگریس سے اتحاد کی مدافعت ‘ کے سی آر نے غریبوں کو نظر انداز کردیا ‘تلنگانہ تلگودیشم صدر ایل رمنا
حیدرآباد 16 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) برسر اقتدار ٹی آر ایس کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ تلگودیشم پارٹی آندھرائی جماعت ہے پارٹی کی ریاستی یونٹ نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی این ٹی راما راو نے اس کی بنیاد شہر میں رکھی تھی جو تلنگنہ کا دارالحکومت ہے ۔ پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر ایل رمنا نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ این ٹی راما راو نے تلگودیشم پارٹی کو قلب تلنگانہ میں حیدرآباد میں قائم کیا تھا ۔ اس کے قیام کے بعد سیاسی منظر نامہ میں تبدیلیاں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کے ذریعہ ہی سماج کے کئی طبقات کو اسمبلی اور پارلیمنٹ میں داخلہ حاصل ہوا اور انہوں نے حکمرانی میں اپنا حصہ حاصل کیا ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ تلگودیشم پارٹی نے فلاحی و ترقیاتی کام کئے ہیں ‘ غریبوں کو فائدہ پہونچایا ہے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں غریبوں کے دلوں میں تلگودیشم پارٹی کی جگہ ہے کیونکہ یہ پارٹی غریبوں کی پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا احساس ہے کہ ان کے معیار زندگی میں بہتری تلگودیشم سے آسکتی ہے اور فلاحی کام و ترقیاتی سرگرمیاں تلگودیشم سے آگے بڑھ سکتی ہیں۔ تلگودیشم نے کانگریس ‘ سی پی آئی اور ٹی جے ایس کے ساتھ عظیم اتحاد قائم کیا ہے ۔ تلگودیشم کے کانگریس سے اتحاد پر ٹی آر ایس کی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی پالیسیوں اور نظریات میں کچھ تبدیلی آئی ہے اور 1982 میں تلگودیشم کے قیام کے بعد حالات بھی بدل گئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے کانگریس سے بھی بدتر طریقہ سے ریاست میں حکمرانی کی ہے اور غریبوں کو نظر انداز کردیا ہے ۔ کانگریس ۔ سی پی آئی ‘ اور ٹی جے ایس نے ٹی آر ایس کے خاندانی اقتدار کو ختم کرنے کیلئے اتحاد کیا ہے ۔