ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار یقینی: ہریش راؤ

خانگی ٹیچرس اور اپوزیشن قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت، وزیر آبپاشی کی تقریر
حیدرآباد ۔ 12۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور اسے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے سے کوئی طاقت روک نہیں پائے گی ۔ تلنگانہ کے خانگی ٹیچرس تنظیموں کے نمائندوں نے آج تلنگانہ بھون میں ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل میں جن طاقتوں نے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تھی ، آج وہ کانگریس کے ساتھ متحد ہوکر تلنگانہ کے خلاف سازش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر کودنڈا رام کی تلگو دیشم اور کانگریس کی جانب سے توہین کی گئی لیکن کودنڈا رام ان طاقتوں سے اتحاد کرچکے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اپنے قائدین کی توہین کو بھولے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی کامیابی کی صورت میں تلنگانہ کی ترقی متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات سے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچا ہے اور ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے اسکیمات کیلئے استفادہ کنندگان کی تائید کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ریاست سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹ تعمیر کیلئے خشک سالی کے خاتمہ کے اقدامات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے مقدمات دائر کرتے ہوئے پراجکٹ کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انتخابی منشور پر عمل آوری کے علاوہ ٹی آر ایس حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ۔ آئندہ حکومت کی تشکیل کے بعد تمام طبقات کی بھلائی کیلئے مزید اسکیمات شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کانگریس حکومت نے طلبہ کے خلاف مقدمات درج کئے تھے جبکہ ٹی آر ایس نے ضمانت کا انتظام کیا تھا۔ ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر طلبہ قائدین کو رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ منتخب کیا گیا ۔ ہریش راؤ نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ سنگا ریڈی سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین نے آج ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔