ٹی آر ایس پارٹی میں وزیر ٹی ہریش راؤ غیرمحفوظ

چیف منسٹر اور ان کے فرزند دشمن، پارٹی میں پھوٹ،ریونت ریڈی کا الزام

حیدرآباد ۔ 10 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس میں ہریش راؤ کی جان کو خطرہ ہونے کا سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ ان کا قتل کرنے کی بہت بڑی سازش کی گئی ہے۔ ٹی آر ایس میں پھوٹ پڑجانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر کے خلاف عائد کردہ الزامات پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے تحقیقات کرانے پر ثبوت پیش کرنے کا وعدہ کیا۔ آج اسمبلی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس میں ریاستی وزیرآبپاشی ہریش راؤ محفوظ نہیں ہے۔ ان کے سر پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند ریاستی وزیر کے ٹی آر ان کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔ اپنی جان بچانے اور وفاداری کا ثبوت پیش کرنے کیلئے ہی کل ہریش راؤ نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے پیدائش ٹی آر ایس میں ہونے اور موت بھی ٹی آر ایس میں ہونے کی خوف میں وضاحت کی ہے۔ ریونت ریڈی نے جان پیاری ہے تو ٹی آر ایس سے باہر نکل جانے کا ہریش راؤ کو مشورہ دیا۔ کانگریس کے رکن اسمبلی نے کہاکہ ماضی میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی سے ہریش راؤکی ملاقات ہوچکی تھی۔ انہوں نے خود کانگریس میں شامل ہونے کے علاوہ ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرانے کی بات چیت کی تھی۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی موت کی وجہ سے جب کام ادھورہ رہ گیا تھا ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزیرآبپاشی ہریش راؤ دو مرتبہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے خفیہ ملاقات کرچکے ہیں۔ بی جے پی میں موجود ایک اہم قائد کے رشتہ دار نے ہریش راؤ کی امیت شاہ سے ملاقات کرائی ہے۔ کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے اور سنتوش کو راجیہ سبھا کا رکن بنانے کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر کے ارکان خاندان میں لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے ہیں۔ ہریش راؤ کو چیف منسٹر کا خاندان بوجھ محسوس کرنے کے علاوہ مستقبل کیلئے خطرہ محسوس کررہا ہے کیونکہ 25 ارکان اسمبلی کے پارٹی تبدیل کرتے ہوئے حکمران ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے ہریش راؤ نے انتہائی اہم رول ادا کیا ہے۔ یہ 25 ارکان اسمبلی کے علاوہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی اکثریت ہریش راؤ کے ساتھ ہے۔ ہریش راؤ کو سیاسی طور پر قتل کرنے کیلئے بہت بڑی سازش تیار ہوئی ہے۔ اس کا اندازہ کرنے کے بعد ہی ہریش راؤ نے خفیہ طور پر امیت شاہ سے ملاقات کی ہے۔ سوشیل میڈیا میں اس کا انکشاف ہوجانے کے بعد ہریش راؤ نے اس کی تردید کی اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ڈی جی پی کو ہدایت دی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کبھی بھی ٹی آر ایس میں پھوٹ پڑسکتی ہے۔ پھوٹ کی قیادت ہریش راؤ یا ایٹالہ راجندر دونوں میں کوئی ایک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیرفینانس ایٹالہ راجندر کے خلاف عائد کردہ الزامات پر قائم ہے۔