ٹی آر ایس ریلی میں ایک شخص کا اقدام خود سوزی

بالکا سمن کو ٹکٹ دینے پر اوڈیلو کے حامی کا ڈرامائی احتجاج، بشمول انسپکٹر ، دو خواتین 15 زخمی

حیدرآباد۔/12ستمبر، ( سیاست نیوز) ضلع منچریال میں آج ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کی ریلی میں اُس وقت انتہائی ڈرامائی صورتحال دیکھی گئی جب اپنے لیڈر کو ٹکٹ نہ ملنے پر مایوس ایک شخص نے اپنے جسم پر کیروسین چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی جس میں وہ 80 فیصد جھلس گیا دیگر بشمول دو خواتین دیگر 16 افراد بھی جھلس گئے۔ منچریال کے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ لوک سبھا کے ٹی آر ایس رکن بالکا سمن کو پارٹی کارکنوں نے جھلسنے سے بچالیا جب نندلہ اوڈیلو کو ٹکٹ نہ ملنے پر دل برداشتہ شخص نے اپنے جسم پر آگ لگانے کے بعد بالکا سمن پر بھی پٹرول چھڑکنے کی کوشش کی تھی۔ اس شخص کی شناخت آر گٹیا کی حیثیت سے کی گئی۔ اس نے ریلی کے مقام پر ایک لیمپ پر بھی پٹرول پھینک دیا تھا جس کے نتیجہ میں دیگر 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک انسپکٹر پولیس اور دو خواتین بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔ پارلیمنٹ کے رکن بالکا سمن کو اسمبلی حلقہ چنور سے ٹی آر ایس کا امیدوار نامزد کیا گیا۔ اور موجودہ رکن اسمبلی این اوڈیلو کو پارٹی ٹکٹ سے محروم رکھا گیا ہے۔ سمن نے الزام عائد کیا کہ اڈویلو کے حامی کی طرف سے ان کی جان پر حملہ کیا گیا ہے۔ حملے کے بعد ازاں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کے سی آر نے چنور حلقہ کے لئے میرے نام کا اعلان کیا ہے، جب کسی نے مجھ پر ماچس کی جلتی ہوئی تیلی پھینکی میرے حامیوں، پارٹی ورکرس اور رکن گن مین نے مجھے بچالیا۔‘‘اس واقعہ کے بعد چنور سے ٹی آر ایس کے امکانات بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور پارٹی کارکنوں میں غیریقینی کے علاوہ خوف و ہراسانی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اس حلقہ سے 5 مرتبہ منتخب بی جناردھن ریڈی کانگریس کے متوقع امیدوار ہیں ۔