ٹر مپ کی کامیابی پر ہندوسینا کا جشن

نئی دہلی:دائیں بازو کی ایک تنظیم نے آج امریکی انتخابات میں ریپبلکن ڈونالڈ ٹرمپ کی کامیابی کا جشن منایا او رکہاکہ ان کے دور صدارت میں ہند ۔

امریکی تعلقات کو نئی جہت عطاہوگی۔ہندوسیناکے صدر وشنو گپت نے بتایا کہ انتخابی نتائج پر ہم بہت خوش ہیں اور انتخابی مہم کے دوران بھی ٹرمپ کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیاگیا تھااور آج کامیابی کی اطلاع کے ساتھ ہی ہم سڑکوں پر نکل ائے اور ڈھول تاشے بجاتے ہوئے جشن منایا اورلوگوں میں شرینی تقسیم کی گئی۔

گپت نے بتایا کہ ا ن کی تنظیم کو امریکی انتخابات میں ریپبلکن کی کامیابی یقین تھااور اس کامیابی سے ہندوستان کو وہائٹ ہاوز میں ایک بڑا دوست مل جائے گا اور اب دہشت گردی کے خلاف ہندوستان اور امریکہ متحدہ اقدامات کریں گے ۔

واضح رہے کہ دائیں بازو تنظیم نے ٹرمپ کی کامیابی کے لئے ماہ مئی میں خصوصی یگنہ کیاتھا او رماہ جون میں کیک کاٹ کر ٹرمپ کی سالگرہ منائی تھی۔ جبکہ آج معلنہ انتخابی نتائج میں کروڑ پتی تاجر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک تجربہ کار سیاست داں ہلاری کلنٹن کو شکست دے دی او رانہیں ایک غیر سیاستدان کی حیثیت سے امریکہ کے 45واں صد ر کا اعزاز حاصل ہوا۔