ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف احتجاج مظاہرین نے وائیٹ ہاؤز کے باہر نماز ظہر ادا کی

واشنگٹن ۔ /28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر ٹرمپ کی ایمگریشن پالیسیوں کے خلاف وائیٹ ہاؤز کے باہر لیفٹے پارک میں مظاہرہ کیا گیا ۔ اس موقع پر مظاہرین نے وائیٹ ہاؤز کے باہر نماز ظہر بھی ادا کی ۔ مظاہرین نے ٹرمپ کی امتناعی پالیسی کے ایک سال پورے ہونے پر احتجاج کیا ۔ مسلم اکثیریتی ملکوں کے شہریوں کی امریکہ میں آمد روکنے کے حکمنامہ کا سال مکمل ہونے پر امریکیوں کی بڑی تعداد جن میں مسلمان بھی شامل تھے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے میں شریک مسلم شہریوں نے باجماعت نماز ظہر ادا کی ۔ واشنگٹن میں ہی سینکڑوں افراد نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی امیگریشن اور ہیلت پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کے مواخذہ کا بھی مطالبہ کیا ۔ احتجاج میں شامل افراد کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیاں لوگوں کو تقسیم کرنے والی ہیں ۔ احتجاجیوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے آفریقی ممالک کیلئے بے ہودہ الفاظ استعمال کرنے کی بھی مذمت کی اور ان پر نسل پرست ، سفید فام پرست ہونے کا بھی الزام عائد کیا ۔