ویراٹ کوہلی کی ایشیا کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان

ممبئی ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی پر مسلسل کرکٹ کھیلنے کے بوجھ کو کم کرنے کے علاوہ ٹیم کے مڈل آرڈر مسئلہ کو حل کرنے کیلئے کل یہاں ہندوستانی سلیکٹرس کوشاں ہوں گے جیسا کہ ایشیا کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کا کل اعلان ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دو دنوں میں ایشیا کپ کے دو مقابلے کھیلنے ہیں جس میں ایک مقابلہ پاکستان کے خلاف بھی ہے۔ نیز انگلینڈ کے طویل اور مصروف ترین دورہ کے بعد ہندوستانی ٹیم یہ ٹورنمنٹ کھیلے گی لہٰذا امکان ہیکہ مستقل کپتان کوہلی کو آرام دیا جاسکتا ہے کیونکہ اس کے بعد آئندہ تین ماہ کے دوران ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 اور آسٹریلیا کے خلاف 4 ٹسٹ کھیلنے ہیں۔ کوہلی کو اس وقت کمر کی تکلیف کی شکایت ہے اور مسلسل کرکٹ کھیلنے سے انہیں آرام کا موقع بھی نہیں مل رہا ہے۔ سلیکٹرس اگر کوہلی کو آرام دیتے ہوئے ایشیا کپ کیلئے ٹیم کا اعلان کرتے ہیں تو پھر اوپنر روہت شرما ٹیم کی قیادت کریں گے۔ کوہلی کو آرام دینے کے علاوہ ہندوستانی سلیکٹروں کیلئے دوسرا مسئلہ ورلڈ کپ کے تناظر میں مڈل آرڈر کو مستحکم کرنا ہے کیونکہ اوپنرس کیلئے شکھردھون اور روہت شرما پہلی پسند ہونے کے ساتھ لوکیش راہول محفوظ اوپنر کے علاوہ نمبر 3 پر بھی بیٹنگ کرسکتے ہیں۔ منیش پانڈے کو موقع دیا گیا اور انہوں نے انڈیا بی کے ساتھ 306 رنز بناتے ہوئے اپنے فام کا ثبوت دیا ہے۔ امباتی رائیڈو بھی یو یو ٹسٹ کامیاب کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں نوجوان کیپر رشپھ پنت کے علاوہ دنیش کارتک بھی میڈل آرڈر میں سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کرسکتے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا پہلی پسند ہونے کے علاوہ سدھارتھ کوئل اور شردل ٹھاکر کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔ اسپن شعبہ میں کلدیپ یادو اور یوزویند چہل پہلی پسند ہے۔ مہیندر سنگھ دھونی وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے لیکن کارتک کا بیٹنگ میں فام انہیں بحیثیت بیٹسمین ٹیم میں جگہ دلوا سکتا ہے۔