ونیزویلا کی جیل سے 33 قیدی فرار

کراکاس ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ونیزویلا کے چکاؤ علاقہ میں 33 ملزمین کو جو پولیس کی نظر میں مشتبہ تھے، حراست میں رکھا گیا تھا، انہوں نے دیوار میں نقب لگا کر فرار ہونے میں کامیابی حاصل کرلی۔ پولیس اسٹیشن پر موجود گارڈس نے رات کے 2 بجے کے قریب دیوار میں بڑا سا سوراخ دیکھا اور انہیں یہ بھی معلوم ہوگیا کہ اس سوراخ سے 33 قیدی فرار ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی میونسپل پولیس سربراہ روبیل و اسکوئز کے گلوبو ویژن کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے افراد اغواء اور سرقہ کی وارداتوں میں ملوث تھے جو ایک خطرناک ٹولی کے روپ میں جرائم کا ارتکاب کرتے تھے۔ دریں اثناء چکاؤ کے میئر ریمن مچاچو نے کہا کہ پانچ مفرور ملزمین کو دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے۔