وزیراعظم پاکستان کا سرحدی صورتحال کا جائزہ

پاکستانی فوج کے ہاتھوں آج ہندوستانی سپاہی ہلاک ، ایک گرفتار
اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈا ٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے آج پاکستان کی دفاعی تیاریوں کا جائزہ لیا اور سربراہ فوج راحیل شریف کے علاوہ دیگر اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ نواز شریف اور راحیل شریف نے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور خط قبضہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ راحیل شریف نے وزیراعظم کو خط قبضہ پر فائرنگ کے واقعہ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ علاوہ ازیں کہا کہ ہندوستان کا دعویٰ ہیکہ یہ سرجیکل حملے تھے۔ تاہم یہ دعویٰ بے بنیاد ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ پوری قوم کے حوصلے بلند ہیں اور پاکستان مسلح افواج کے ساتھ مادروطن کی حفاظت کا پابند ہے۔ بعدازاں انہوں نے کل کابینہ کا ایک اجلاس طلب کیا تاکہ صورتحال پر غور کیا جاسکے۔ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء پاکستانی فوج نے آٹھ ہندوستانی سپاہیوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے بموجب پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا کہ جوابی فائرنگ میں ہندوستان کے 8 سپاہیوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو 22 سالہ چندوبابو لال چوہان متوطن مہاراشٹرا ہے۔ اسے مبینہ طور پر نامعلوم مقام کو منتقل کردیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
پاکستان میں ہندوستانی سفیر کی طلبی
اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بامباوالا کو ہندوستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور دو پاکستانی سپاہیوں کی موت کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے طلب کیا۔ معتمدخارجہ اعزاز چودھری نے ہندوستانی فوج کی خط قبضہ پر بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دو پاکستانی فوجی ہلاک ہوگئے۔ قبل ازیں پاکستان نے ہندوستانی فوج کے ’’سرجیکل حملے‘‘ کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔