’ورلڈ پریس فریڈم ہیرو‘ کا اعزاز پاکستانی صحافی کے نام

اسلام آباد ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں شعبہ صحافت سے وابستہ چوٹی کے صحافی اور مدیران کے عالمی نیٹ ورک ’انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ‘ نے پاکستانی صحافی سیرل المیڈا کو ’ورلڈ پریس فریڈم ہیرو‘ کے اعزاز سے نوازا ہے۔سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں گزشتہ روز 5جون کو انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ ’آئی پی آئی‘ کی ایک اعزازی تقریب میں پاکستان کے انگریزی اخبار روزنامہ ڈان کے صحافی اور کالم نگار سیرل المیڈا نے ورلڈ پریس فریڈم ہیرو کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شہری آزادی، میڈیا کی آزادی اور سیاسی حقوق کو ایک نسل پیچھے دھکیلا جا رہا ہے، وہاں صرف ریاست کی منظور شدہ اختلاف رائے، سیاست اور مظاہروں کی اجازت ہے۔ آئی پی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیرل المیڈا نے انسٹیٹیوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ”آپ کا تعاون بہت معنی رکھتا ہے اور ڈان اخبار کے مدیر ظفر عباس کی سربراہی میں دیگر ساتھیوں کی آزاد صحافت کے حوالے سے مستقل جدوجہد کو سراہنے کا شکریہ۔‘‘