والدین، نوجوانوں کو آورگی سے روکیں

بودھن میں آر ڈی او کی شکایت پر مفتی شیخ جابر کا مشورہ
بودھن۔/31جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آر ڈی او بودھن مسٹر سدھاکر ریڈی کی ہدایت پر نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد رئیس پیٹ انتظامی کمیٹی نے والدین اور سرپرستوں سے اپنے بچو کو آوارہ گردی سے روکنے کی خواہش کی۔ آوارہ نوجوان، لڑکے لڑکیوں کو کالج جانے کے راستے ( جو آر ڈی او کے گھر کے سامنے سے گذرتا ہے ) میں چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل امام مسجد ہذا مفتی شیخ جابر اشاعتی نے مسجد انتظامی کمیٹی کی ہدایت پر آر ڈی او بودھن کی شکایت سے مصلیان مسجد کو واقف کرواتے ہوئے انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور امام مسجد نے بے روزگار نوجوانوں سے خواہشمند کی کہ بدچلنی کی طرف راغب ہونے کی بجائے ذریعہ معاش میں اضافہ کرتے ہوئے اپنے والدین و سرپرستوں کے کاروبار میں ہاتھ بٹائیں۔ مفتی صاحب نے بتایا کہ اگر کوئی نوجوان کالجس کے قریب کسی لڑکی کو چھیڑ چھاڑ کرتا ہوا پکڑا جائے تو پھر اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور اس کے تعلیمی اسناد کے علاوہ پاسپورٹ بھی ضبط کرلئے جائیں گے۔ اولیائے طلبہ شاید اپنی بدنامی کے ڈر سے شخصی طور پر کسی آوارہ لڑکے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروانے سے گریز کررہے ہیں جبکہ رکاس پیٹ میں واقع سرکاری و خانگی کالجس میں زیر تعلیم طالبات آوارہ لڑکوں کی نازیبا حرکتوں سے تنگ اچکی ہیں۔ تعجب کی بات ہے کہ آر ڈی او کی رہائش گاہ کے قریب پولیس پٹرولنگ یونٹ موجود ہے جہاں اکثر پولیس جیپ پولیس عملے کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے وہاں پر بھی ایسی نازیبا حرکت پر افسوس ہوتا ہے۔