وارناسی کے درد پر مودی حکومت کانگریس کی تنقید کا نشانہ

نئی دہلی ۔31جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے آج ان کی حکومت پر وزیر اعظم کے انتخابی حلقہ وارناسی کی عدم ترقی کو اُجاگر کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ آئندہ سال کے اوائل میں یو پی میں اسمبلی انتخابات منعقد ہے ۔ ’’ درد بنارس ‘‘ پروگرام میں کانگریس نے مقامی افراد کو درپیش مسائل اپنے ویب سائٹ پر پیش کئے ہیں اور ویڈیو کے ذریعہ بھی بنارس کے لوگوں کی حالت زار کو پیش کیا جارہا ہے ۔ مقامی افراد سے مختلف مسائل پر مختصر انٹرویو لئے گئے ہیں جنہیں پروگرام میں شامل کیا گیا ہے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دوسال کی مدت میں بھی اس علاقہ میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ۔حالانکہ وزیراعظم نریندر مودی دوسال قبل اسی حلقہ انتخاب سے لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔