وادی منیٰ میں گرد کا طوفان ، عرفات میں بارش ، عارضی خیمے اکھڑگئے

آج وقوف عرفات کے ساتھ ہی لاکھوں مسلمان مشرف بہ حج ، کل رمی جمار ، وسیع ترین انتظامات ، گورنر مکہ کی نگرانی

وادی منیٰ ۔ /19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وادی منیٰ میں عازمین حج کی آمد اور کل میدان عرفات کے لئے روانہ ہونے سے قبل اتوار کی شب میں تیز ہواؤں کے ساتھ گر د کا طوفان اٹھا ۔ گرد و غبار کی وجہ سے عازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس طوفان کے بعد آسمان میں بادل چمکنے لگے اور عرفات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ میدان عرفات میں لگائے گئے عارضی خیمے اکھڑ گئے ۔ حد نگاہ تک کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا ۔ رات دیر گئے تک موسم غیریقینی رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ وادی منیٰ اور عرفات میں اوسط درجے کی بارش ہوسکتی ہے ۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل منٰی پہونچ گئے ہیں ۔ حج انتظامات کی نگرانی کے لئے وہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ منیٰ میں موجود رہیں گے ۔ گورنریٹ کے دفتر میں ان کا استقبال نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر نائب وزیر داخلہ بر ائے امن عامہ جنرل سعید القحطانی اور دیگر عہدیداروں نے کیا ۔ ہندوستان کے بشمول دنیا بھر سے آئے ہوئے 20 لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے آج صبح صادق سے مناسک حج کا آغاز کردیا ۔ عازمین نے طواف کعبہ کے ساتھ مناسک کا آغاز کیا ہے ۔ پانچ روزہ حج دنیا بھر میں سالانہ سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جاتا ہے اور یہ استطاعت رکھنے والے مسلمانوں پر زندگی میں ایک بار فرض ہے ۔ حج کا فریضہ مسلمانوںکو اللہ تبارک و تعالی سے قربت کا موقع فراہم کرتا ہے جبکہ آج دنیا بھر میں بدامنی اور بے چینی کا ماحول ہے ۔ تخریب کاری اور تشدد کے مسائل درپیش ہیں جبکہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے ۔ مصر سے آئے ہوئے ایک عازم نے کہا کہ ہم پر یہ اللہ کا کرم ہے کہ اس نے ہمیں یہاں آنے کا موقع دیا ۔

ہم یہاں مغرب سے مشرق تک مسلم ممالک میں حالات کی بہتری کیلئے دعا کر رہے ہیں۔ ہم دعا کر رہے ہیں کہ مسلم ممالک ‘ دشمن اقوام پر غلبہ حاصل کرسکیں ۔ حج حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی یاد میں اور سنت نبوی ؐ کی اتباع میں ادا کیا جاتا ہے۔ یہاں سے عازمین مزدلفہ جائیں گے اور پھر رمی جمار کرتے ہوئے شیطان کو کنکریاں ماریں گے ۔ یہ کام وادی منی میں تین دن تک جاری رہے گا ۔ مناسک حج کی تکمیل کے بعد مرد حجاج کرام اپنے سر منڈھوائیں گے اور خواتین اپنے کچھ بال نکلوائیں گی ۔ اس طرح وہ سعادت حج سے مشرف ہوجائیں گے ۔ تکمیل حج پر دنیا بھر میں مسلمان عید الاضحی مناتے ہیں۔ اس دن مسلمان دنیا بھر میں اللہ رب العزت کی بارگاہ میں قربانی کرتے ہیں ۔ قربانی کے گوشت کا ایک تہائی حصہ غربا و مساکین میں تقسیم کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے کل میڈیا کو بتایا کہ دنیا بھر سے اور خود سعودی عرب سے جو عازمین حج کیلئے آئے ہیں ان کی تعداد 20 لاکھ ہے ۔ سعودی عرب کا شاہی خاندان حرمین شریفین کی نگرانی کا ذمہ دار ہے اور شاہ سلمان کا سرکاری خطاب خادم حرمین شریفین ہے ۔ سعودی شاہی خاندان کی جانب سے حج کے دوران سکیوریٹی اور حفاظت کے اقدامات پر کروڑہا ڈالرس خرچ کئے جاتے ہیں۔ خاص طور پر منی میں سکیوریٹی انتظامات کو اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ یہاں ماضی میںکچھ حادثات بھی رونما ہوئے ہیں۔ یہاں تین سال قبل 24 ستمبر 2015 کو بھگدڑ مچ گئی تھی جس کے نتیجہ میں دو ہزار سے زیادہ حجاج کرام جاں بحق ہوگئے تھے ۔

غلاف کعبہ کی آج تبدیلی
مکہ مکرمہ ۔ /19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کعبۃ اللہ کے غلاف مبارک کو کل بروز پیر بعد نماز فجر تبدیل کیا جائے گا ۔ ہر سال وقوف عرفہ کے دن ہی پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف مبارک کعبۃ اللہ پر چڑھایا جاتا ہے ۔ 160 ہنرمند اور تکنیکی کارکن تبدیلی غلاف مبارک کی خدمت انجام دیں گے ۔ مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کے سربراہ علی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی نگرانی میں غلاف کی تبدیلی عمل میں آئے گی ۔ مکہ مکرمہ مشاعر مقدسہ میں تیز ہوا کے ساتھ گر د کا طوفان آنے سے حرم شریف میں بھی غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تیاری کے دوران پرانے غلاف کی طنابیں کھول دی گئیں تو یہ غلاف بھی تیز ہوا کے ساتھ لہرا رہا تھا ۔