واجپائی کی حالت مستحکم ، ایمس کا بیان

نئی دہلی ۔ 12 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی جنھیں پیشاب کی نالی میں انفکشن کی شکایت پر یہاں ایمس میں داخل کرایا گیاہے ، اُن کی حالت آج مستحکم ہے ۔ ہاسپٹل کے ذرائع نے کہاکہ اُنھیں تنفس اور گردے کے مسائل بھی ہیں ۔93 سالہ لیڈر کو گزشتہ روز دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا ۔ ایمس نے ایک بیان میں کہا کہ موجود طورپر اُن کی حالت مستحکم ہے ۔ اُن پر علاج کا اثر ہورہا ہے اور اُنھیں ضروری اینٹی بائیوٹیکس والے انجکشن دیئے جارہے ہیں۔ اُن کے تمام اعضائے رئیسہ مستحکم انداز میں کام کررہے ہیں ۔ وہ انفکشن پوری طرح کنٹرول ہونے تک دواخانہ میں زیرعلاج رہیں گے۔ ایمس ڈائرکٹر رندیپ گولیرا کی نگرانی میں ڈاکٹروں کی ٹیم اُن پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ وہ فی الحال ایمس کے کارڈیو تھوراسیک سنٹر کے آئی سی یو میں ہیں ۔ گزشتہ روز اُنھیں ڈائیلاسیس سے گذارا گیا۔