واجپائی کو خراج پیش کرنے کیلئے پہونچنے والے سوامی اگنی ویش پر حملہ

نئی دہلی 17 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سوامی اگنی ویش جب سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو خراج پیش کرنے کیلئے بی جے پی آفس جارہے تھے راستہ میں اُن پر بی جے پی کارکنوں نے حملہ کردیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح بی جے پی کارکنوں نے اُن پر حملہ کیا۔ اگنی ویش نے بیان دیا کہ وہ جس وقت وشنو ڈگمبر راؤنڈ اباؤٹ کے قریب پہونچے 20 تا 30 بی جے پی کارکنوں نے اُن کو گھیر لیا اور اُن سے دھکم پیل کی۔ اسی دوران اُن کی پگڑی نیچے گر گئی اور انھیں ’’غدار‘’ کہہ کر پکارا گیا۔ حالانکہ قریبی فاصلے پر چند پولیس والے ٹھہرے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود ورکرس جن میں خواتین بھی شامل تھیں اُن کے ساتھ مسلسل بدتمیزی کرتے رہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ پولیس نے اُن سے ابھی ربط پیدا نہیں کیا ہے کہ وہ شکایت درج کررہے ہیں۔