وائی ایس وجئے اماں کا دورہ سرپور ٹاؤن

اقتدار حاصل ہونے پر ادھورے کاموں کو انجام دینے کا تیقن
سرپور ٹاؤن 21 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وائی ایس آر کانگریس کی اعزازی صدر محترمہ وائی ایس وجئے اماں سرپور ٹاؤن کو آج 12 بجے پہونچیں۔ اس دورہ کے موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ اے اندرا کرن ریڈی، سابق رکن اسمبلی سرپور ٹاؤن کونیرو کونپا، وائی ایس آر ریاستی صدر بی جنک پرساد، وائی ایس آر پارٹی ضلع صدر بی جناردھن ریڈی، مقامی وائی ایس آر پارٹی قائدین، سابقہ نائب صدر منڈل پریشد سید خضر حسین، ایم اے رزاق، توکارام، شیخ چاند،محمد عاشق حسین، اعجاز احمد خان کے علاوہ مقامی کارکنوں کی جانب سے وائی ایس وجئے اماں کا سرپور ٹاؤن بس اسٹانڈ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وائی ایس آر کی تائید میں نعرے لگائے گئے۔ وائی ایس وجئے اماں نے سرپور ٹاؤن مستقر پر وائی ایس آر پارٹی کی پرچم کشائی انجام دی اور آنجہانی راج شیکھر ریڈی کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ بعدازاں وائی ایس آر پارٹی صدر محترمہ وجئے اماں نے سرپور ٹاؤن منڈل کے گاؤں ٹوکنی میں واقع ہنمان مندر میں خصوصی پوجا کی اور کوٹالہ منڈل کے پراناہیتا پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے اس وقت کے چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کے ہاتھوں 38000 کروڑ روپیے کی لاگت سے چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح کرنے کے بعد آج تک ادھورے پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی طور پر جائزہ لینے کے بعد سنگ بنیاد کے پتھر کو دودھ سے نہلایا گیا اور تاحال پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کو مکمل نہ کرنے پر ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت مکمل طور پر عوامی فلاح و بہبود کے تعمیراتی کاموں کو انجام دینے میں ناکام ہوگئی ہے۔ لیکن وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں ہر ایک طبقہ کے مسائل کی یکسوئی کی گئی۔ بالخصوص غریب اور پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود کے کاموں کو انجام دیا گیا۔ لیکن ریاستی حکومت وائی ایس آر کے دور حکومت میں شروع کئے گئے تمام عوامی فلاح و بہبود کے تعمیراتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ اس لئے وائی ایس آر پارٹی اقتدار حاصل کرتے ہی پراناہیتا پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کے ساتھ ساتھ تمام ادھورے کاموں کو مکمل کرنے کا تیقن دیا گیا۔ بعدازاں امبیڈکر کے مجسمہ پر گل افشانی کی گئی اور کوٹالہ مستقر پر بھی وائی ایس آر پارٹی کی پرچم کشائی انجام دی گئی۔
کاغذ نگر میں لُو لگنے سے ایک شخص فوت
کاغذ نگر 21 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر میں درجہ حرارت 49 ڈگری سنٹی گریڈ ہے۔ عوام گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کاغذ نگر کے سردار بستی محلہ کا ایک شخص راما کرشنا عمر 31 سال کچھ ضروری کام سے گھر سے نکلا تھا لیکن پٹرول پمپ کے قریب وہ لُو لگنے سے گر پڑا۔ اُسے دواخانہ لے جایا گیا جہاں اُسے مردہ قرار دیا گیا۔ جناب صادق علی سب انسپکٹر پولیس کی نگرانی میں پنچ نامہ اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔