نیدر لینڈس کی انگلینڈ کے خلاف ریکارڈ کامیابی

چٹگانگ 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )بنگلہ دیش میں رواں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں کوالیفائنگ روانڈ کے ذریعہ سوپر 10 میں پہنچنے والی نئی ٹیم نیدر لینڈس نے بلآخر ٹورنمنٹ کی ریکارڈ کامیابی انگلینڈ کے خلاف درج کرلی۔ اسٹیورٹ براڈ کی زیر قیادت انگلش ٹیم 134 رنز کے تعاقب میں نیدر لینڈس کے بولروں کی شاندار بولنگ کے آگے 88 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیدر لینڈ کی کامیابی میں اسپینر مدثر بخاری اور ویان بیک نے کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ بخاری نے 3.4اوورس میں 12 رنز اور بیک نے 2 اوور میں 9 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ نیدر لینڈ س کے بولروں کے شاندار مظاہروں کا اندازہ انگلش کھلاڑیوں کے اسکور سے لگایا جاسکتا ہے کیونکہ صرف 3 کھلاڑی دوہرے ہند سے عبور کرسکے جس میں اعظم ترین اسکور روی بوپرا نے 20 گیندوں میں 18 رنز کی شکل میں بنایا اور ان کے اسکور میں کوئی باونڈری شامل نہیں۔ دیگر بیٹسمینوں میں ایلکس ہالیس اور جارڈن نے بالترتیب 12 اور 14 رن اسکور کئے ۔ ان 3 کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر کوئی انگلش بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا ۔ قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈس کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس نے مقررہ 20 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز اسکور کئے ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین بیریسی نے 45 گیندوں میں 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے ۔ انگلینڈ کیلئے براڈ نے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔