نیتن یاہو کا بیان ’بے بنیاد‘ : ایران

اقوام متحدہ ۔ 30ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اسلامی دنیا کو دولت اسلامیہ کے گروپ کے ساتھ ’’بے بنیاد‘‘ طور پر منسوب کیا۔ ایران کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کے ساتھ جاری مذاکرات کو ’’سبوتاژ کرنے اور خلل ڈالنے‘‘کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اسرائیلی رہنما نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ ایران خود پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے معاہدے پر اتفاق کرتے ہوئے دنیا کو فریب دینے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ ان کے بقول وہ بدستور جوہری ہتھیار بھی بنا رہا ہے۔ ایران کا موقف رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ایران دنیا میں اسلامی انقلاب لانے کے مشن پر ہے اور جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران داعش سے کہیں زیادہ خطرناک ہو گا۔ تمام مسلمان عسکریت پسند بشمول دولت اسلامیہ، حماس، القاعدہ اور بوکو حرام ایک جیسے ہی بنیاد پرست خیالات رکھتے ہیں۔