نیاسال مبارک:مولاناغوثوی شاہ کا بیان

حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( راست ) : صدر آل اِنڈیا مسلم کانفرنس مولاناغوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حق تعالیٰ کا اِرشاد ہے کہ ’’شب و روز کو ہم نے اپنی دونشانیاں بنائی ہیں پھر ہم رات کے بعد دن کو اُس کے پیچھے کردیتے ہیں تاکہ تم خدا کے فضل کو تلاش کرو اور اپنے سالانہ کیلنڈر کا حساب رکھو‘‘ لِتَعْلَمُوْا عَدَدَ السِّنِیْنَ وَ الْحِسَابگویا شب و روز کی الٹ پھیر سے بالآخر ایک سال بن جاتاہے اور الحمدللہ کہ دو مہینے پہلے اسلامی سال 1437ھ اور اب سن عیسوی 2016ء کا سال ہم میں آموجود ہُوا ہے اللہ کے فضل و کرم سے اُمید ہے کہ1437ھ اور2016ء کا سال ہم سب کے لئے مبارک و مسعود ہوگا احادیث ِ نبویہ سے ثابت ہے کہ حضورؐ اپنی دعاؤں میںہر دن ہر ماہ خیر چاہتے اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَسْئَلُکَ خَیْرَ ہٰذِہِ الشَّھْرْ اور اُسکی بُرائی وشَرْ سے پناہ مانگتے لہذا ہم بھی اپنے مولیٰ سے اِس سال کے لئے خیر اور بھلائی چاہیں اور اِس میں نازل ہونے والی بلاؤں سے پناہ چاہیں ۔ اب یہ انسان کا کام ہے وہ اپنے اندر اور باہر کی خرابیوں سے بچنے کے لئے وہ ایسی راہ اختیار کرے جسے صِراط مُستقیم کہا جاتا ہے جس کا ابتدائی مرحلہ احکامِ الٰہی اور اَوامرونواہی کی پابجائی ہے اور مرحلہء آخرت مرضیات اِلہیّہ کے عین منشاء پر قائم رہے یہ سب کچھ اگر ہے تو ہر دن ہر سال خوشی منانے کا حق اُس کو فَلْیَفْرَحُوْا کے تحت حاصل ہے مگر اظہار خوشی کا طریقہ غیراسلامی وغیر شرعی نہ ہو ۔خدا کرے کہ یہ سال ہم سب کے لئے مبارک ہو اور ہمارا مستقبل حیات بھی محفوظ رہے ، خیر و برکت اور حصولِ غِنا کے لئے اِس سال اوّل و آخر دُرودِ شریف کے ساتھیَا وَھَّاب کا وِرد رکھیںانشاء اللہ رزق کے دروازے کھل جائینگے۔