نڈال کو شکست ،جوکووچ سونی اوپن چیمپئن

میامی 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چھ مرتبہ کے گرانڈ سلام چیمپئن نواک جوکو وچ نے عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو شکست دیتے ہوئے چوتھی مرتبہ سونی اوپن خطاب حاصل کرلیا ہے ۔مرد زمرے کے سنگلس خطابی مقابلے میں جوکووچ نے نڈال کو بہ آسانی 6-3,6-3 کی شکست دی ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا کہ میرے لئے ایک بہترین مقابلہ رہا ہے جہاں میری ہر حکمت عملی مثبت نتائج فراہم کررہی تھی۔ علاوہ ازیں میں نے نڈال کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا ۔ جوکووچ جنہیں سیمی فائنل میں اُن کے حریف کھلاڑی کی دستبرداری کے بعد فائنل میں رسائی کا موقع ملا تھا ، انہوں نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوتھا سونی اوپن خطاب ایک بھی سیٹ گنوائیں بغیر حاصل کرلیا ہے۔ 2007 ،2011اور 2012 کے بعد جوکووچ کیلئے یہ چوتھا خطاب رہا ۔ دوسری جانب 13 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرچکے نڈال یہاں پہلا خطاب حاصل کرنے کے کوشاں تھے جیسا کہ انہیں 2008،2009اور 2011 کے خطابی مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ نڈال نے شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جوکو وچ کے خلاف مقابلے میں میرا مظاہرہ بہتر نہیں تھا جبکہ حریف کھلاڑی نے مجھ سے بہتر سرویس اور بہتر ریٹرن گیم کھیلا ہے ۔