نواز شریف کا فوج کے ہیڈکوارٹر کا دورہ

اسلام آباد ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف منگل کو راولپنڈی میں فوج کے ہیڈکوارٹرز’جی ایچ کیو‘ پہنچے جہاں انھیں فوج کے پیشہ وارانہ امور اور قومی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ جی ایچ کیو پہنچنے پر فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وزیر اعظم نے وہاں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ جون میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد نواز شریف کا جی ایچ کیو کا یہ پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب ملک کے اس طاقتور ترین ادارے کے سربراہ جنرل کیانی رواں ماہ کی 29 تاریخ کو اپنی مدت ملازمت کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں اور حکومت شدت پسندوں کے ساتھ امن کیلئے مذاکرات کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ رواں ماہ قبائلی علاقے وزیرستان میں ایک مشتبہ امریکی ڈرون حملے میں ممنوعہ تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد نئے امیر مقرر ہونے والے ملا فضل اللہ نے حکومت کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کا اعلان کیا۔
’’میں مخالف امریکہ یا مخالف ہند نہیں
اُن کی پالیسیوں سے اختلاف ہے ‘‘
اسلام آباد ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اس خیال کو تقویت کے درمیان کے وہ پاکستانی طالبان کی تائید کررہے ہیں ، عمران خان نے کہا ہے کہ وہ نہ تو مخالف امریکہ ہیں نہ ہی مخالف ہندوستان بلکہ اُنھیں ان کی پالیسیوں پر اعتراض ہے ۔ تحریک انصاف پارٹی سربراہ نے دلیل پیش کی کہ امریکہ افغان طالبان کے ساتھ بات چیت میں بلاجواز حجت کررہا ہے اور تحریک طالبان پاکستان کو کسی طرح کچلنا چاہتا ہے ۔