نوازشریف کے دورۂ ہند سے پاکستان کا وقار بلند ہوا

سلاؤ ۔ 31 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سنی رابطہ کونسل برطانیہ کے صدر ملک مظہر علی خان، سرپرست اعلیٰ مولانا قاری محمد نواز چشتی، نائب صدر مولانا خلیل خان قلندر، جنرل سیکرٹری حاجی افتخار حسین جنجوعہ نے مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم پاکستان رابطہ کونسل کے رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کا دورۂ ہند پر تنقید کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ نام نہاد لیڈر بات کا پتنگڑ بنانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے میاں نوازشریف کے خلاف بغیر سوچے سمجھے تنقید کرنے والے سفارتی آداب سے نابلد ہوش کے ناخن لیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کے دورۂ ہندسے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔