نوئیڈا: میٹرو اسپتال میں لگی زبردست آگ

نوئیڈا کے سیکٹر 12 میں میٹرو اسپتال میں جمعرات کے روز زبردست آگ لگ گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اسپتال میں بڑی تعداد میں مریض اور ان کے گھر والے پھنسے ہوئے ہیں۔ اسپتال کی عمارت کا شیشہ توڑ کر لوگوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔ جائے حادثہ پر دمکل کی کئی گاڑیاں پہنچ گئی ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق میٹرو اسپتال کی تیسری منزل پر آگ لگی ہوئی ہے۔ اس واقعہ کے بعد مریضوں کو اسپتال سے نکال کر سیکٹر 11 واقع میٹرو اسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی ایکزٹ کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ نوئیڈا کے فائر محکمہ کے افسر ارون ویر سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ تقریباً 3 درجن لوگوں کو نکالا گیا ہے، حالانکہ ابھی بھی سَرچ آپریشن جاری ہے۔

بتا دیں کہ نوئیڈا کے جس علاقے میں یہ اسپتال ہے وہ کافی بھیڑ بھاڑ والا علاقہ ہے۔ ایسے میں حادثہ کے بعد سے ہی علاقے میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ عمارت کے باہر بڑی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہے اور عمارت سے دھوئیں کا غبار نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔