نرس پر ایسیڈ حملہ کا ملزم جیل منتقل

حیدرآباد ۔ /15 مئی (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے اپولو ہاسپٹل کی نرس پر ایسیڈ سے حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کو شام 5.30 بجے اپولو ہاسپٹل کی نرس جیشا شاجی جو ہاسپٹل سے ہاسٹل جارہی تھی کے کیرالا سے تعلق رکھنے والے اے پرمود نے اسے شادی کی پیشکش کی اور انکار پر ایسیڈ سے حملہ کردیا ۔ حملے کے بعد پرمود شہر سے فرار ہوگیا جس کے نتیجہ میں پولیس نے اس کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی اور اس کے آبائی مقام پالکڑ کیرالا میں بھی کئی مقامات پر دھاوے کئے گئے تھے ۔ بالآخر پولیس نے اسے کیرالا کے مضافاتی علاقے اٹی پڈی سے گرفتار کرلیا ۔ گرفتار ملزم کو شہر منتقل کیا گیا اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔