ناگرجناساگر کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ

590 فیٹ گنجائش میں موجودہ سطح 540 فیٹ سے زائد
حیدرآباد 20اگست ( سیاست نیوز) ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ فی الوقت ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب 590 فیٹ کے منجملہ 540 فیٹ سے زائد ہوچکی ہے ۔ گذشتہ چار سال کے دوران ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب بہت کم تھی لیکن اس سال ماہ اگسٹ میں ہی پراجکٹ کی سطح آب زائد از 540 فیٹ ہونے سے ایک طرف کسانوں میں مسرت کی لہر ہے تو دوسری طرف شہر حیدرآباد کے عوام کو پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں نے بھی وافر مقدار میں پانی کا ذخیرہ ہونے پر راحت کی سانس لی ہے ۔ ناگرجنا ساگر پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق سری سیلم پراجکٹ دریائے کرشنا کے ذریعہ ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں پانی کے تیز بہاؤ سے پراجکٹ کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اس طرح ایک دن میں زائد از 8 فیٹ کی سطح بڑھ گئی ۔ علاوہ ازیں ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں پانی کا ذخیرہ زائد از 189 ٹی ایم سی ہے ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ منگل کی صبح تک ناگرجنا ساگر کی سطح آب 550 فیٹ ہوسکتی ہے ۔