نام ’’محمدﷺ‘‘ کا احترام کرنے کی مہم

ریاض /22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کنگ عبد العزیز یونیورسٹی کے طلبہ کے ایک گروپ نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خوبصورت ترین نامِ مقدس ’’محمدﷺ‘‘ کا احترام کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ روز مرہ زندگی میں امت مسلمہ کے کئی افراد کے نام کے ساتھ ’’محمد‘‘ رکھا جاتا ہے، لیکن اس نام سے مخاطب کرنے کے دوران اس کے تقدس کو ملحوظ نہیں رکھا جاتا، بلکہ منہ سے جو نکلا کہہ دیا۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ بھی مہم چلائی جا رہی ہے کہ نام ’’محمد‘‘ کا احترام کیا جائے۔ اس مہم کا دوہرا مقصد ہے، ایک تو مسلمانوں کو اس مقدس نام کے معنی و مفہوم سے واقف کروانا اور اس کا احترام کرتے ہوئے اس کے تقدس، افادیت اور بزرگی کی جانب توجہ دِلانا ہے، تاکہ مسلمان نامِ ’’محمد‘‘ کو اپنے دِلوں میں بسائے رکھیں۔ ان نوجوان طلبہ کا دوسرا مقصد عام آدمی کی جانب سے بے حرمتی کے ساتھ لفظ ’’محمد‘‘ کے استعمال کی عادت ترک کروانا ہے۔ جس شخص کا نام ’’محمد‘‘ ہو اسے لوگ ’’ارے، اے، ہائے، تو، تیرا‘‘ سے مخاطب کرتے ہیں، جب کہ نام ’’محمد‘‘ کے آتے ہی ملائکہ درود بھیجتے ہیں، لہذا امت مسلمہ کو بھی بصد احترام اس پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔ اگر کسی دوکاندار کے ملازم کا نام ’’محمد‘‘ ہو تو اس کے ساتھ ادب سے پیش آئے، اسے جناب، بھائی صاحب یا برادر کہہ کر مخاطب کرے، لیکن دیکھا یہ جا رہا ہے کہ لوگ روز مرہ زندگی میں اس نام کے افراد کے ساتھ بے حرمتی سے پیش آتے ہیں اور غلط الفاظ کا استعمال کرتے ہیں۔ کنگ عبد العزیز یونیورسٹی کے طلبہ کی اس مہم کو مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو اس خوبصورت نام کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے مہم چلانے کی ضرورت ہے۔