ناقص ایسیڈ اور فینائل کے گودام پر دھاوا،گودام مہربند

حیدرآباد /7 مارچ ( سیاست نیوز ) غیر قانونی طور پر تیار کئے جارہے ناقص ایسیڈ اور فینائل کے ایک گودام کو پولیس نے مہر بند کردیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ ملکاجگیری زون نے بوڈاپل کے علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے ایک گودام کو مہر بند کردیا اور اس گودام سے تقریباً 10 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ اس موقع پر ایس او ٹی نے 32 سالہ سریش کمار کو گرفتار کرلیا جو بوڈاپل کے علاقہ میں یہ غیر قانونی کاروبار کر رہا تھا ۔ اس گودام اور فینائل و ایسیڈ کی تیاری کیلئے اس کے پاس کسی بھی سرکاری محکمہ کی اجازت نہیں تھی اور نہ ہی وہ قاعدہ قانون کے مطابق اقدامات کر رہا تھا ۔ بلکہ اس کے پاس کسی بھی قسم کی کوئی احتیاطی تدابیر نہیں تھیں ۔ ایس او ٹی پولیس نے گرفتار شخص اور ضبط شدہ اشیاء کو میڑپلی پولیس کے حوالے کردیا ۔