ناظر رباط حسین محمد الشریف سے اظہار تشکر

سابق ریاست حیدرآباد کے حجاج کرام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی قابل ستائش
حیدرآباد۔/13اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے ناظر رباط حسین محمد الشریف کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کو رباط میں فراہم کی گئی سہولتوں پر اظہار تشکر کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مکتوب میں ناظر رباط کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ 3عمارتوں میں ناظر نے 598 حجاج کرام کیلئے نہ صرف قیام کی سہولت فراہم کی بلکہ انہیں تین وقت کا کھانا مفت سربراہ کیا گیا۔ مفت قیام اور طعام کی سہولت سے حجاج کرام کو مناسب رقم کی بچت ہوئی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام انتظامات سے کافی مطمئن ہیں اور انہوں نے طعام کے علاوہ لانڈری اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی ستائش کی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ناظر رباط کی خصوصی دلچسپی اور تعاون سے حجاج کرام کیلئے بہتر خدمات ہوسکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ناظر رباط آئندہ بھی اس طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔ کئی حجاج کرام نے مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران اور پھر مدینہ منورہ آمد کے بعد اسپیشل آفیسر حج کمیٹی سے ربط قائم کرتے ہوئے رباط میں انتظامات اور سہولتوں سے واقف کرایا۔