میکسیکو سے غیرقانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے والوں کے تناسب میں اضافہ

واشنگٹن: میکسیکوسے امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والوں کا تناسب ماہ اکٹوبر تک16فیصد زائد ہوگیاہے۔ امریکہ کے ہوم لینڈ سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمارکے مطابق ماہ اکٹوبرمیں46195افراد کوحراست میں لیاگیا جبکہ ماہ ڈسمبر میںیہ تعداد 39,501اور اگست میں37,048افرادپر مشتمل تھی۔

ہوم لینڈ سکیوریٹی ڈپارٹمنٹ سکریٹری جیب جانسن نے کل ایک بیان میں کہاکہ فی الحال غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے والوں کی تعداد 41,000ہے جو ان جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے لئے تیار کئے گئے مراکز میں موجود ہیں جبکہ غیرقانونی طور پر داخلہونے والوں کی تعداد عام طور پر 31,000تا34,000کے درمیان ہوگئی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انہوں نے یو ایس ایمگریشن اینڈکسٹمس انفورسمنٹ کو یہ اختیاردیا ہے کہ کسی فرد واحد کے لئے حراستی مرکز میں گنجائش پیدا کی جائے تاکہ ایسے لوگ جنہیں سرحدپر گرفتارکیاگیاہے انہیں فوری طور پر وطن واپس کیاجاسکے۔

یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں غیرقانونی ایمگریشن پر امتناع عائد کرنے پر شدیدزور دیاتھا اور یہ تک کہہ دیا تھاکہ میکسیکو کی جنوب مغربی سرحد پر بلند دیوار تعمیر کی جائے گی جس کے اخراجات میکسیکو سے وصول کئے جائیں گے ۔