میٹرو ریل کرایوں کا ایک دو دن میں اعلان

چیف منسٹر کی منظوری کا انتظار ۔ چیف سکریٹری ایس پی سنگھ
حیدرآباد 24 نومبر ( پی ٹی آئی ) حیدرآباد میٹرو ریل کیلئے ٹکٹ کی قیمتوں کا ایک یا دو دن میں اعلان کیا جائیگا ۔ چیف سکریٹری تلنگانہ مسٹر ایس پی سنگھ نے یہ بات بتائی ۔ میٹرو ریل کا 28 نومبر کو وزیر اعظم نریندر مودی افتتاح کرنے والے ہیں۔ اس ریل ٹرانزٹ سسٹم کو 29 نومبر سے عوام کیلئے کھول دیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ کرایہ کی تجاویز تیار ہیں۔ اس پر غور کرنے والی اتھاریٹی نے اسے پیش کردیا ہے ۔ متعلقہ محکموں نے بھی اس پر غور کرلیا ہے ۔ ان قیمتوں کا ایک یا دو دن میں اعلان کردیا جائیگا اگر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس کو منظوری دیدیں۔ 2011 میں حکومت کے سابقہ اعلامیہ کی روشنی میں 2 کیلومیٹر تک کا بنیادی کرایہ 8 روپئے مقرر کیا گیا تھا تاہم موجودہ حالات کے مطابق اس کریہ میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل لمیٹیڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہم اس سلسلہ میں فی کس 200 روپئے کا ایک اسمارٹ کارڈ بھی جاری کرسکتے ہیں ۔ اس کارڈ کو ٹاپ اپ کیا جاسکتا ہے ۔ واحد سفر کیلئے ہم ٹوکن جنری کرینگے جس کے ذریعہ عوام ٹرین میں سوار ہوسکتے ہیں۔ ایچ ایم آر کے مینیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے قبل ازیں کہا تھا کہ میاں پور میںخاص طور پر بڑی عوامی جگہیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اعلی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چیف سکریٹری نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ میٹرو ریل کے آغاز پر 40 فیصد موٹر ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے عوام میٹرو ریل کی سہولت سے استفادہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی تینوں لائینوں کو کارکرد کردیا جائیگا آپ امید کرسکتے ہیں کہ 30 تا 40 فیصد موٹر ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے صارفین میٹرو ریل کی سہولت سے استفادہ کرینگے ۔