میدک پارلیمنٹ سے بی جے پی کی کامیابی کا ادعا

ٹی آر ایس پر وعدہ خلافی کا الزام ، این وی وی ایس پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 31 اگست (سیاست نیوز) بی جے پی نے میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار مسٹر جگا ریڈی کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کا دعویٰ کیا۔ چیف منسٹر اور ٹی آر ایس پر خوف طاری ہونے ادعا پیش کیا۔ آج بی جے پی آفس پر بی جے پی کے رکن اسمبلی مسٹر این وی وی ایس پربھاکر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس 90 دن میں عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنگاپورہ کا دورہ کرنے میں جتنی دلچسپی دکھائی، اتنی دلچسپی کسانوں کے مسائل میں نہیں دکھائی۔ مسائل کا شکار کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ فیس ری ایمبرسمنٹ کو تنازعہ بنادیا گیا ہے جس سے طلباء اور ان کے سرپرستوں میں تشویش دیکھی جارہی ہے۔ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں جتنے بھی وعدے کئے ہیں، اس میں ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔ قرض معافی کے معاملے میں مجرمانہ غفلت برتی جارہی ہے جس سے حکومت کے خلاف عوامی برہمی پائی جاتی ہے اور اس کا راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا کیونکہ بی جے پی کو تلگو دیشم کی تائید حاصل ہے۔ انتخاب میں بی جے پی ،تلگو دیشم کامیاب ہوگا۔ انتخابات میں حکمران ٹی آر ایس کو تیسرا مقام حاصل ہوگا، جبکہ کانگریس دوسرے پر رہے گی۔ بی جے پی کی جانب سے مسٹر جگا ریڈی کو پارٹی امیدوار بنانے پر ٹی آر ایس بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور انتخاب میں کامیابی کیلئے سرکاری مشنری اور دولت کا بے جا استعمال کررہے ہیں۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے تمام ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمان کو میدک منتقل کردیا ہے۔ باوجود اس کے حکمران ٹی آر ایس کو شکست ہوگی اور بی جے پی کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔