میدک میں بی جے پی امیدوار کی ضمانت ضبط ہوجائے گی

سنگاریڈی یکم ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی حکومت تلنگانہ مسٹر ہریش راو نے آج سنگاریڈی ایم ایل اے کیمپ آفس پہنچ کر چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی کے ہمراہ مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے تقریبا 500 قائدین و کارکنوں کو پارٹی کھنڈوا پہنا کر ٹی آر ایس پارٹی میں شامل کیا۔ اس موقع پر محمد جلیل الدین بابا صدر ضلع اقلیتی سل، محمد خواجہ خاں، ایم اے سبحان، شیخ رشید، محمد لیاقت علی، محمد خواجہ، محمد عبدالمقیت محی الدین چندا صدر ٹی آر ایس رنگا ریڈی محمد عثمان، مسعود بن عبداللہ بصراوی، محمد اکبر حسین، بابو موہن رکن اسمبلی اندول، بی بی پاٹل رکن پارلیمان ظہیر آباد ،نرہر ریڈی، سرینواس چاری، منوہر ریڈی، مہیش تیواری، ہری کشن، کنی وجئے کمار دلجیت سنگھ موجود تھے۔ اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے مسٹر ٹی ہریش راو ریاستی وزیر آبپاشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی حلقہ میدک کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی انتخابات میں اپنی ضمانت ضبط ہونے سے بچنے کیلئے تیاریوں میں مصروف ہے جو کہ ناممکن ہے متحدہ آندھرا کی تائید کرنے والے جگاریڈی کو بی جے پی نے اپنا امیدوار بنایا ہے اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی متحدہ آندھرائی قائدین کو کتنا پسند کرتی ہے بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی قائدین حیدرآباد میں بیانات جاری کررہے ہیں۔ میدک میں کانگریس پارٹی کو کارکنان کی کمی کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جانا ریڈی اپوزیشن قائد کانگریس پارلیمانی حلقہ میدک کا دورہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں جبکہ کانگریس پارٹی کے پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں اس طرح ریاست تلنگانہ میں کانگریس قائدین و کارکنان سے خالی ہوچکی ہے ۔ ہریش راو نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ایس سی، ایس ٹی طبقات کی فلاح و بہبود پر توجہ مبذول کررہی ہے ایس ٹی طبقہ کے تانڈوں کو گرام پنچایت کا درجہ بھی دیا گیا ہے کسانوں کے قبضہ جات کی معافی، ایس سی طبقات کو تین ایکر اراصی 15 اگست سے دینے کا آغاز کیا اور مسلم طبقہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کی ٹی آر ایس حکومت پابدن عہد ہے جبکہ 12 فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی کیلئے کابینہ میں منظوری دیدی گئی ہے کانگریس و تلگودیشم سابقہ حکومتوں نے مسلمانوں کیلئے سوائے اعلانات کے کچھ نہیں کیا پارلیمانی حلقہ میدک سے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو تلنگانہ عوام بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے جبکہ کانگریس و بی جے پی کی ضمانت ضبط ہونا یقینی ہے۔