مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کی سیاسی سرگرمیاں

ناندیڑ۔یکم ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مہاراشٹر میںمنعقد ہونے والے اسمبلی 2014؁ء انتخابات کیلئے ناندیڑ ضلع ویلفیئر پارٹی کے ذمہ داران نے دیگر الائنس و سیکولر سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کرکے مہاراشٹرکے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق گفت و شنید کی۔اسی پس منظر میں شہر کے پیر برہان علاقہ میں واقع ڈبلیو پی آئی کے دفتر میں ویلفیئر پارٹی کے فیروز خان غازی (ضلع صدر)، عبدالمقیت (شہر صدر) ، سمیر پٹھان ( پی آر او) ، اسلم خان (سیکریٹری ) حافظ انیس خان و دیگر ذمہ داران نے دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین سے ملاقات کی۔اس موقع پر دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین نے نہ صرف مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات بلکہ تین سال بعد منعقد ہونے والے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بھی متحد ہوکرچنائو لڑنے کی بات ظاہر کی۔ اس موقع پر ویلفیئر پارٹی کے ضلع صدر فیروز خان غازی نے کہا کہ پربھنی ضلع میں بتاریخ 3ستمبر 2014؁ء بروز چہار شنبہ کے روز ویلفیئر پارٹی کی جانب سے ایک عظیم الشان جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جس میں دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین میں باڑہصاحب امبیڈیکر کے علاوہ دیگر کئی سیاسی قائدین ، ویلفیئر پارٹی کے قومی صدر مجتبیٰ فاروق صاحب ، شبیر انصاری ، کپل پاٹل و دیگر ذمہ داران مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے متعلق عوام سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناندیڑ ضلع ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کی دن بہ دن بڑھ رہی مقبولیت کے باعث جہاں گزشتہ دنوں اتوارہ بازار، کربلا کے کئی نوجوانوں نے ڈبلیو پی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔ وہیں قدوائی نگر علاقہ میں رہاش پذیر سابق کارپوریٹر عبدالمقیت کے ڈبلیو پی آئی میں شمولیت اختیار کرنے سے جہاں کانگریس کے گڑھ قدوائی نگر میں بھوچال سا مچ گیا ہے وہیں قدیم علاقہ میں ڈبلیو پی آئی کو کافی تقویت حاصل ہورہی ہے۔ اس موقع پر ویلفیئر آف انڈیا کے فیروز خان غازی نے مزیدکہا کہ جہاں 2014؁ء کے لوک سبھا انتخابات میں ناقص مظاہرہ کے باوجود کانگریس نے مہاراشٹر میں 2نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے وہیں پر لوک سبھا انتخابات میں ناندیڑ ضلع ویلفیئر پارٹی کے فیروز خان غازی کو عوام نے 8ہزار سے زائد ووٹوں کو ڈال کر مودی کی لہر کو ضلع میں اس بار چلنے نہیں دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم چنائو میں کامیاب ہو ںیا نہ ہوں ، لیکن عوام کے بُنیادی اور سلگتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کیلئے ویلفیئر پارٹی ہمیشہ تیار رہیں گی۔