مکہ مکرمہ میں اب تک 1.6 ملین عازمین کی آمد

درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس

مکہ مکرمہ ۔ 17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں جاریہ ہفتہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے اقطاع عالم سے دو ملین عازمین حج پہنچ چکے ہیں۔ حج 2018ء ٹکنالوجی کے اعتبار سے بھی اہمیت کا حامل ہے جہاں عازمین کی مختلف ایپس کے ذریعہ رہنمائی کی جارہی ہے۔ جاریہ سال حج کے دوران سعودی جیسے قدامت پسند ملک میں ایک تبدیلی یہ نوٹ کی گئی ہیکہ خواتین کو ملک میں کاریں چلانے کی اجازت مل چکی ہے۔ ساری دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے مذہب اسلام کے اہم ارکان میں حج بھی شامل ہے جسے ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار ادا کرنا لازم ہے۔ کل تک یہاں 1.6 ملین عازمین کی آمد ہوچکی ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے تاہم ایک ہی مذہب اسلام کے پیروکار مکہ مکرمہ پہنچ رہے ہیں جبکہ بعض معمر عازمین کو ان کے رشتہ دار وہیل چیئر پر بھی لاتے دیکھے گئے۔ اس وقت سعودی عرب میں درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس ہے۔ کعبۃ اللہ کی زیارت کرنا ہر ایک مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے۔ کئی ایسے ہوتے ہیں جب ان کی نظر پہلی بار کعبۃ اللہ پر پڑتی ہے تو ان پر سکتہ طاری ہوجاتا ہے۔ سینیگل سے آئی ایک خاتون عازمہ نے بتایا کہ وہ ایمسٹرڈم کے راستے سے مکہ مکرمہ پہنچی ہیں اور جب پہلی بار کعبۃ اللہ پر انہوں نے نظر ڈالی تو زاروقطار رونے لگیں۔ حج کے تمام ارکان کی تکمیل کے بعد عیدالاضحی منائی جاتی ہے اور بکروں، دنبوں اور اونٹ کی قربانی دی جاتی ہے۔