مکہ مسجد کے مرمتی کاموں میں تاخیر پر ناراضگی

سکریٹری اقلیتی بہبود نے جائزہ اجلاس طلب کیا ، آئندہ سال فروری تک کاموں کی تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی چھت کی تعمیر اور مرمتی کاموں کی تکمیل کیلئے آکیالوجیکل سروے آف انڈیا اور کنٹراکٹر کو فروری 2019 ء تک کا وقت دیا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے آج مکہ مسجد کے کاموں پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کے علاوہ آرکیالوجیکل سروے ، اقلیتی بہبود ، عہدیداروں اور کنٹراکٹر کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ سکریٹری نے چھت کی مرمت کے کاموں میں تاخیر پر ناراضگی جتائی اور کنٹراکٹر سے وجوہات طلب کیں۔ سکریٹری کو بتایا گیا کہ غیر موسمی بارش اور شیڈ کے منہدم ہوجانے سے کام متاثر ہوا ہے۔ شیڈ کی تعمیر کیلئے مزید ایک ہفتہ درکار ہے۔ سکریٹری نے ہدایت دی کہ معاہدہ کے مطابق فروری 2019 ء تک کام کی تکمیل بہر صورت کردی جائے ۔ انہوں نے آرکیالوجیکل سروے اور کنٹراکٹر کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کے مطابق کنٹراکٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کام کی مرحلہ وار تکمیل کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کرے۔ ہر15 دن میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کام کی تکمیل کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران چھت کا کام جاری رہے گا۔ ضرورت پڑنے پر رات میں بھی کام کیا جاسکتا ہے ۔ چھت کے مرمتی کاموں سے افطار ، تراویح و نمازوں میں کوئی خلل نہیں ہوگا ۔ آرکیالوجیکل سروے کے عہدیداروں نے بتایا کہ کام کی تکمیل کے ساتھ کنٹراکٹر کو رقم جاری کی جارہی ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈاکٹر اقلیتی بہود نے کہا کہ تاریخی مکہ مسجد کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کاموں کے سلسلہ میں 8 کرو ڑ 40 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ۔ ضرورت پڑنے پر حکومت مزید فنڈس جاری کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں مکہ مسجد میں تمام ضروری کام مکمل ہوچکے ہیں۔