مکنور میں ماؤسٹوں کے حملے کے بعد ضلع ایس پی کا دورہ

مہادیو پور ۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرحدی علاقہ مکنور میں گذشتہ دن پیش آئے ماؤسٹوں کے حملے کے واقعہ کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کی ہے۔ اس ضمن میں ضلع ایس پی نے منتھنی سب ڈویژن کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ چند دن قبل ماؤسٹوں کی سرگرمیوں کے ضمن میں ضلع ایس پی شیوکمار نے مہادیو پور کٹہ رام مہاتمارام پولیس اسٹیشنوں کا معائنہ کیا اور پولیس کو سخت ہدایت دی کہ ماوسٹوں کی سرگرمیوں کو ختم کرنے کیلئے سخت اقدام کریں۔ ایس پی نے بتایا کہ مکنور کی عوام پر حملہ کرنے والے ماویسٹ تلنگانہ کے نہیں تھے بلکہ وہ چھتیس گڑھ کے ماویسٹ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ تلنگانہ علاقہ میں ماوسٹوں کا خاتمہ ہوچکا ہے لیکن سرحدی علاقہ ہونے کے سبب چھتیس گڑھ کے نکسلائیٹس اس علاقہ میں اپنی پناہ لینے کیلئے اس علاقہ کی طرف متوجہ ہورہے ہیں۔ ایس پی نے کہا کہ کسی قسم کے نکسلوادی کو اس سرحد میں آنے سے روک تھام کیلئے ہیلی کاپٹر کا سہارا لیکر نکسلزم کو ختم کرنے کی کوشش میں پولیس ممکنہ حد تک جدوجہد کرے گی۔ ایس پی کے اس دورے میں او ایس ڈی سرکل انسپکٹر کرشنا ایس آئی رمیش بابو راؤ کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔