مڈ ڈے میلس میں بے قاعدگی پر انتباہ

یلاریڈی۔/31اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکاری اسکولوں میں طلباء کو بہتر غذا، ذائقہ دار صاف ستھرے طرز سے اگر تیار نہ کی گئی تو ایجنسی ذمہ داروں کو تبدیل کردینے کا یلاریڈی ایم ای او مسٹر وینکٹیشم نے انتباہ دیا۔ انہوں نے منڈل کے لنگا ریڈی پیٹ، کلیانی، تما ریڈی، رتنا پور، انا ساگر مواضعات میں اسکولوں پر مڈڈے میلس اسکیم کا معائنہ کیا۔ اس پر عمل آوری کی تنقیح کی۔ انا ساگر علاقہ میں مڈ ڈے میلس بہتر طریقہ سے نہ تیار کئے جانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ایجنسی ذمہ دار اگر اپنا یہ رویہ ترک نہ کریں گے تو ایجنسی رد کردینے کا انتباہ دیا۔کلیانی موضع میں اسکول پر اولیائے طلباء کی طلب کی گئی میٹنگ میں انہوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام اسکولوں کے صدر مدرس، اساتذہ، عملہ، اسکول کمیٹی ارکان موجود تھے۔ ایم ای او مسٹر وینکٹیشم نے مزید بتایا کہ یکم نومبر کو ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پر قومی یکجہتی دیوس کا اہتمام تمام سرکاری اسکولوں پر منعقد کرنے کا مشورہ دیا اور اس موقع پر تحریری مقابلے، تقریری مقابلے، خصوصی پروگرام منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔