موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر اقوام متحدہ کی تاریخی رپورٹ

یوکوہاما (جاپان) ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی ایک تازہ ترین اور تاریخی رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے زمین پر مرتب ہونے والے تباہ کن اثرات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان تبدیلیوں کی وجہ سے مستقبل میں مسلح تنازعات، بھوک، سیلاب اور نقل مکانی جیسے مسائل بھی شدت اختیار کر جائیں گے۔ اس جاپانی شہر میں پانچ روزہ اجلاس کے بعد آج جاری کردہ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر گرین ہاؤس یا سبزمکانی گیسوں کے اخراج میں کمی نہ کی گئی اور کرۂ ارض کے درجہ حرارت میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو اس سے ایکو سسٹم یا ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچے گا، جس کے مالیاتی اثرات کئی ٹریلین ڈالر کے برابر ہو سکتے ہیں۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا ہیکہ زمین کے درجۂ حرارت میں ہر ایک ڈگری کا اضافہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تباہی میں شدت کا باعث بنے گا اور اس کی وجہ سے نہ صرف املاک کو نقصان پہنچے گا بلکہ انسانی، حیوانی اور نباتاتی صحت پر بھی نہایت مضر اثرات مرتب ہوں گے۔ رپورٹ میں دنیا بھر کے پالیسی سازوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’درجۂ حرارت میں اضافے سے پیدا ہونے والے اثرات شدید، تباہ کن اور ہمیشہ قائم رہنے والے ہوں گے‘‘۔ یہ رپورٹ 1988ء میں قائم کردہ ’انٹرگورنمنٹل پیانل آن کلائمیٹ چینج‘ کا دوسرا باب ہے۔ اس تنظیم کا کام غیرجانبدارانہ اور سائنسی حقائق کے مطابق دنیا بھر کی حکومتوں کی رہنمائی کرنا ہے۔